آن لائن اسکلز: پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور
ڈیجیٹل معیشت کا بڑھتا ہوا رجحان اور نوجوانوں کے لیے نئے امکانات
پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل دور کی طرف بڑھ رہا ہے، اور اس تبدیلی میں سب سے اہم کردار آن لائن اسکلز کا ہے۔ آج کے دور میں نوجوان محض ڈگری ہونے پر انحصار نہیں کرتے، بلکہ وہ عملی مہارتیں سیکھ کر عالمی مارکیٹ میں جگہ بنا رہے ہیں۔ فری لانسنگ، ای کامرس، سوشل میڈیا مینجمنٹ، ورچوئل اسسٹنس، ویب ڈیولپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، اور یوٹیوب کنٹینٹ کریشن جیسے ہنر ایسے مواقع فراہم کرتے ہیں جن سے گھر بیٹھے آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں لاکھوں نوجوان انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں۔ یہ سوچ اگر عملی شکل اختیار کرے کہ ہر نوجوان ایک ڈیجیٹل اسکل سیکھ لے، تو ہماری معیشت کو مضبوط کرنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہے گی۔ آن لائن اسکلز سیکھنے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کم خرچ، آسان، اور ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی ہیں۔ دنیا بھر میں ریموٹ ورک اور فری لانسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، اور پاکستانی نوجوان اپنی محنت اور صلاحیت کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیزی سے نام بنا رہے ہیں۔
حکومتی اقدامات اور آن لائن ورک کو فروغ
حکومتِ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں نوجوانوں کے لیے مختلف ڈیجیٹل پروگرامز کا آغاز کیا ہے جن کا مقصد آن لائن اسکلز کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔ ان میں ''ڈیجیٹل پاکستان'' پروگرام، ''ایگریکلچرل اینڈ آئی ٹی ٹیکنالوجی'' منصوبے، اور ''وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام'' شامل ہیں۔ ان پروگراموں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اسکلز سکھانا، انٹرنیٹ تک رسائی بہتر بنانا، اور ملک کو فری لانسنگ کے میدان میں عالمی سطح پر مضبوط مقام دلانا ہے۔
ایس ٹی زیڈ (Special Technology Zones )کے قیام سے آئی ٹی انڈسٹری میں تیزی آئی ہے، اور مقامی نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے فری لانسرز کے لیے بین الاقوامی ادائیگیوں کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی کام کیا ہے، تاکہ انہیں اپنے کام کا معاوضہ بروقت اور محفوظ طریقے سے مل سکے۔حالیہ سرویز کے مطابق، پاکستان دنیا کی ٹاپ 5 فری لانسنگ مارکیٹس میں شامل ہو چکا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ آن لائن اسکلز نہ صرف انفرادی معاشی استحکام لاتے ہیں بلکہ ملکی سطح پر بھی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نوجوانوں کے لیے سنہری موقع آن لائن اسکلز کیوں ضروری ہیں؟
آج کے دور میں اگر کوئی نوجوان زندگی میں آگے بڑھنا چاہتا ہے تو آن لائن اسکلز سیکھنا اس کے لیے سب سے بہترین راستہ ہے۔ یہ نہ صرف کم وقت میں سیکھے جا سکتے ہیں بلکہ عملی زندگی میں فوراً کارآمد بھی ثابت ہوتے ہیں۔ ایک ہنر مند فرد کسی بھی معاشرے کا اثاثہ ہوتا ہے، اور جب یہی ہنر عالمی سطح پر استعمال ہو تو ملک کی ترقی ناگزیر ہو جاتی ہے۔پاکستان میں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے، لیکن آن لائن اسکلز اس مسئلے کا حل بن سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر ایک نوجوان گرافک ڈیزائننگ سیکھ کر فائیور، اپ ورک، یا فری لانس جیسے پلیٹ فارمز پر کام شروع کرے تو وہ نہ صرف اپنی آمدنی بہتر کر سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی طرح خواتین، جنہیں ملازمت کے لیے باہر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، آن لائن اسکلز سیکھ کر گھر بیٹھے کام کر سکتی ہیں۔ پاکستانی حکومت اور نجی ادارے دونوں مل کر نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ اب یہ ہمارے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں، وقت کی اہمیت کو سمجھیں اور ایسے ہنر سیکھیں جو انہیں مستقبل میں خود کفیل بنا سکیں۔

-Sindh-Karachi-D-15-FB-Area-Block-4-Gulberg-Town-1988879.jpg)

Comments
Post a Comment